اسلام آباد ، 01 اپریل (اے پی پی ):وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت خطے کی کشیدہ صورتحال کے تناظر میں ملک پر مالیاتی اور معاشی اثرات سے نبرد آزما ہونے کی درمیانی، طویل مدتی لائحہ عمل کے لیٔے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعظم نے تمام متعلقہ وزارتوں اور اداروں کی حالیہ صورتحال کے مالیاتی اور معاشی اثرات سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون سے اٹھاے گئے اقدامات کی تعریف کی اور تعاون کو مزید موثر کرنے کی ہدایات دی۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ مرتب کردہ حکمت عملی معیشت کے تمام شعبوں کی پیداوار اور طلب و رسد کے توازن کو متاثر نہ کرے۔ وزیراعظم نے مشکل صورتحال کے باوجود پاکستان میں اشیائے ضروریہ کی طلب و رسد کے توازن کو قائم رکھنے پر اظہار تشکر بھی کیا۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ حکمت عملی کو مرتب کرنے میں بیرونی اور اندرونی میکرو اکنامک اثرات کو بھی خصوصی طور پر جانچا جائے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر پلاننگ احسن اقبال, وفاقی وزیر برائے خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری، وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی رانا تنویر، وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر، گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد اور دیگر متعلقہ سرکاری عہدے داران نے شرکت کی۔











