ملتان میں ریونیو عوامی خدمت کچہری، 100 سے زائد درخواستوں پر فوری احکامات جاری

15

ملتان،یکم اپریل(اے پی پی): ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عوامی خدمت کے سلسلے کو مزید مؤثر بناتے ہوئے ریونیو عوامی خدمت کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے کی۔

کچہری میں شہریوں کے ریونیو سے متعلق مسائل ترجیحی بنیادوں پر سنے گئے اور 100 سے زائد درخواستوں پر موقع پر ہی احکامات جاری کیے گئے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو حافظ محمد مدثر، اسسٹنٹ کمشنر سٹی ازکیٰ سحر اور اسسٹنٹ کمشنر صدر وقاص ظفر بھی موجود تھے۔

کچہری کے دوران فردِ ملکیت، انتقالات، قبضہ اور دیگر ریونیو معاملات پر فوری کارروائی عمل میں لائی گئی جبکہ شہریوں کو تمام سہولیات ایک ہی چھت تلے فراہم کی گئیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز، ریونیو افسران اور پٹواریوں کی مشترکہ موجودگی سے مسائل کے فوری حل کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے قبضہ مافیا کے خلاف موصول ہونے والی درخواستوں پر فوری اور سخت اقدامات کی ہدایت بھی کی۔ شہریوں نے مسائل کے بروقت حل پر ضلعی انتظامیہ کے اقدام کو سراہتے ہوئے اسے خوش آئند قرار دیا۔