وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور یو اے ای کے وزیر برائے غیر ملکی تجارت کے درمیان ورچوئل ملاقات

8

اسلام آباد، 3 اپریل ( اے پی پی): وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان اور متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے غیر ملکی تجارت ثانی بن احمد الزیودی کے درمیان ورچوئل ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے درمیان طویل المدتی دوستانہ تعلقات اور تجارتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔

فریقین نے تجارتی سہولیات کو بہتر بنانے، لاجسٹک ہم آہنگی بڑھانے اور مارکیٹ تک رسائی میں اضافے پر اتفاق کیا۔

‎ملاقات کے دوران پٹرولیم مصنوعات، خوراک اور دیگر اہم شعبوں میں تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر تجارت نے دبئی اور ابوظہبی میں یو اے ای کی سفارتی اور نجی شعبے کی جانب سے تعاون پر شکریہ ادا کیا، جس میں ڈی پی ورلڈ کا کردار بھی شامل ہے۔

ثانی بن احمد الزیودی نے پاکستان کے لیے یو اے ای کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے باہمی مفاد اور ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا۔ دونوں ممالک نے آئندہ ہفتے اپنی ٹیموں کے ذریعے عملی اور لاجسٹک امور پر مزید بات چیت اور تجارتی مواقع بڑھانے پر اتفاق کیا۔

‎اجلاس میں اقتصادی تعاون کو فروغ دینے، تجارتی سہولیات کو بہتر بنانے اور پاکستان-یو اے ای شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔