اسلام آباد ،4اپریل ( اے پی پی): وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے رومینہ خورشید عالم نے ان کے دفتر میں ملاقات کی، جس میں خوراک کی سپلائی چین کو مضبوط بنانے اور ماحولیاتی ہم آہنگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان میں خوراک کی سپلائی چین کو مؤثر اور مستحکم بنایا جائے گا، جبکہ اقتصادی سرگرمیوں کا بلا تعطل جاری رہنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے توانائی کی بچت، بہتر لاجسٹکس، اور سپلائی چین کی کارکردگی بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خوراک کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس کے نظام میں بہتری سے صنعتی پیداوار میں اضافہ ممکن ہوگا۔
وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ حکومت محدود اقدامات کے بجائے مؤثر اور دیرپا پالیسیوں پر توجہ دے رہی ہے، جن میں ڈیجیٹل سپلائی چین اور متبادل نقل و حمل کے ذرائع کو فروغ دینا شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزارت تجارت اور ماحولیاتی اداروں کے درمیان ہم آہنگ فریم ورک تیار کیا جائے گا۔
اس موقع پر رومینہ خورشید عالم نے کلائمٹ اسمارٹ زراعت اور وسائل کے مؤثر استعمال کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کی بچت اور ماحولیاتی اقدامات صنعتی ترقی کو فروغ دیں گے، جبکہ صنعتی شعبوں میں ضیاع کم کرنا اور لاجسٹک مسائل حل کرنا ناگزیر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خوراک کی سپلائی چین میں ماحولیاتی لچک بڑھانا حکومت کی ترجیح ہے اور عوامی و نجی شعبوں کے تعاون سے ماحول دوست حل متعارف کرائے جائیں گے۔











