میرپور، 4 اپریل ( اے پی پی): وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان و سفران انجینئر امیر مقام نے منگلا ڈیم ریزنگ پراجیکٹ کے تحت منگلا ڈیم پر طویل ترین پل رٹھوعہ ہریام برج کے تعمیراتی منصوبہ کا تفصیلی معائنہ کیا-اس موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹر رٹھوعہ ہریام برج انجینئر انعام الحق نے انہیں بریفنگ دی ۔وفاقی وزیر نے پل پر میرپور سے اسلام گڑھ تک پیدل اور گاڑی میں بیٹھ کر معائنہ کیا اور پل کے دنوں اطراف جڑنے سمیت دیگر پل کی تکمیل کے تعمیراتی پراگرس کا جائزہ لیا۔
انہوں نے کہا وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اس اہم منصوبے کا اپریل یا مئی میں افتتاح کریں گے ۔اس موقع پر انہیں بتایا گیا کہ رٹھوعہ ہریام پل کے منصوبے کی تکمیل پر 10ارب روپے کی لاگت آئی ہے ۔پل کے دونوں سرے آپس میں مکمل ہوچکے ہیں ۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر نے تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا گیا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے میرپور اسلام گڑھ کے درمیان 30 کلومیٹر مسافت کم ہوکر 7 کلو میٹر ہوگئی ہے جس سے ضلع کوٹلی، سماہنی، اسلام گڑھ چکسواری، ڈڈیال سمیت پورے آزادکشمیر میں ذرائع آمدو رفت میں کم مسافت ہوگی اور لاکھوں لوگوں کو ٹرانسپورٹ فیول اور وقت کی بھی بچت ہوگی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہاکہ منگلا ڈیم پاکستان کی معاشی و اقتصادی ترقی کا اہم منصوبہ ہے ، اس منصوبہ کی تکمیل کے لئے ایف ڈبلیو او کو ذمہ داریاں سونپی جس کے باعث یہ منصوبہ مکمل ہوا ہے ۔











