لاہور، 60 اپریل(اے پی پی): صوبائی وزیر اقلیتی امور پنجاب رمیش سنگھ اروڑہ نے ڈی ایچ کیو اسپتال اور جی ایم سی ہسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مریم آباد حافظ میں زخمی ہونے والے مسیحی افراد کی عیادت کی اور حکومت پنجاب کی جانب سے مکمل ہمدردی کا اظہار کیا۔
صوبائی وزیر نے زخمیوں سے براہ راست ملاقات کی، ان کی خیریت دریافت کی اور حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر انہوں نے ایم ایس ڈاکٹر امتیاز رانا اور ہسپتال انتظامیہ کو فوری اور معیاری علاج یقینی بنانے کی سخت ہدایت جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور علاج میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔رمیش سنگھ اروڑہ نے ڈی ایچ کیو اور جی ایم سی ہسپتال کے مختلف وارڈز کا بھی دورہ کیا، جہاں طبی سہولیات کا جائزہ لیا اور انتظامیہ سے بریفنگ حاصل کی۔ انہوں نے مریضوں کے خصوصی خیال رکھنے اور ایمرجنسی سہولیات کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت پنجاب اقلیتوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے ایم ایس جی ایم سی ہسپتال سید نجیب الدین گیلانی کو زخمیوں کے علاج میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کی اور ہسپتال عملے کو ذمہ داری سے فرائض انجام دینے کی تلقین کی۔انہوں نے متاثرہ افراد اور ان کے اہل خانہ سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ حکومت انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ صوبائی وزیر نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔بعد ازاں صوبائی وزیر مریم آباد گئے جہاں انہوں نے جائے حادثہ کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ایم پی اے عمانوئیل اطہر جولیس، اے ڈی سی، ایس پی پولیس، اے سی سٹی اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔











