وزیراعظم محمد شہباز شریف سے جمہوریہ ترکیہ کی آئینی عدالت کے صدر قادر اوزقایا کی وفد کے ہمراہ ملاقات

12

اسلام آباد، 7 اپریل (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف سے جمہوریہ ترکیہ کی آئینی عدالت کے صدر قادر اوزقایا نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، قانونی تعاون اور عدالتی نظام میں بہتری کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ صدیوں پر محیط پاکستان اور ترکیہ کے برادرانہ تعلقات تیزی سے ایک جامع معاشی شراکت داری کی جانب گامزن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی انصاف تک رسائی کے حصول کے لیے دونوں ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ترکیہ کے وفد کے حالیہ دورے کے دوران اسی سلسلے میں دستخط ہونے والی مفاہمتی یادداشت اس منزل کی طرف پہلا قدم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انصاف کی جلد فراہمی کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال کے سلسلے میں دونوں ممالک کے درمیان تجربات کے تبادلے کی وسیع استعداد موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ موسمیاتی تبدیلی، انسداد دہشت گردی، امیگریشن اور دیگر شعبوں میں قوانین اور ان کے نفاذ کے سلسلے میں بھی ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

ترکیہ کی آئینی عدالت کے صدر قادر اوزقایا نے پاکستان میں شاندار مہمان نوازی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ محبت ہر ترک کے دل میں بسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ کی آئینی عدالت 64 سال پرانی ہے اور اپنے وسیع تجربے کے تبادلے کے لیے پاکستان کے ساتھ ایک پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کے لیے تیار ہے۔

ملاقات میں ترکیہ کی آئینی عدالت کے جج صاحبان رضوان گیولیچ اور رجائی آق یل کے علاوہ پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نظیر اولو بھی شریک ہوئے۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر قانون اعظم نزیر تارڑ، اٹارنی جنرل منصور اعوان، وزیر مملکت بیرسٹر عقیل ملک اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی اس موقع پر موجود تھے۔