اسلام آباد ،7پریل (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اراکین قومی اسمبلی ملک اویس حیدر، مقداد علی خان اور سعد اللہ خان بلوچ سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں، اسپیکر قومی اسمبلی نے وفات پانے والے سابق اراکین قومی اسمبلی کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔
سردار ایاز صادق نے ملک اویس حیدر جکھر سے ملاقات میں والد کے انتقال پر تعزیت کی اور مرحوم ملک نیاز احمد جکھر کی قومی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے ملک اویس حیدر جکھر اور اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور صبر جمیل کی دعا کی۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے ممبر قومی اسمبلی محمد مقداد علی خان سے ملاقات میں والد کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور مرحوم سردار محمد شفقت حیات خان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے سوگوار خاندان سے تعزیت کی اور درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے محمد سعد اللہ خان بلوچ سے ملاقات میں والد کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور سابق وفاقی وزیر میاں ناصر علی خان بلوچ کی خدمات پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے سوگوار خاندانوں سے اظہار ہمدردی کیا اور مغفرت اور صبر جمیل کی دعا کی۔











