ترک مسلح افواج کے ڈپٹی چیف آف جنرل اسٹاف جنرل لیونٹ ایرگن کا نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ

12

راولپنڈی، 07 اپریل(اے پی پی ): ترک مسلح افواج کے ڈپٹی چیف آف جنرل اسٹاف جنرل لیونٹ ایرگن نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور چیف آف نیول سٹاف  ایڈمرل نوید اشرف، این آئی، این آئی (ایم)، ٹی بی ٹیسے ملاقات کی۔

نیول ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر چیف آف دی نیول اسٹاف نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور، اسرائیل امریکہ ایران تنازعہ سے پیدا ہونے والے علاقائی میری ٹائم سیکورٹی کے ماحول اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں اطراف نے تربیت اور مشترکہ فوجی مشقوں پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

پاک بحریہ کے سربراہ نے علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی کے لیے پاک بحریہ کے کردار کو اجاگر کیا۔ جنرل لیونٹ ایرگن نے مشترکہ میری ٹائم سیکیورٹی کو فروغ دینے میں پاک بحریہ کی کوششوں اور کردار کو سراہا۔

ترک مسلح افواج کے ڈپٹی چیف آف جنرل سٹاف کا دورہ پاکستان اور ترکی کے درمیان گہری سٹریٹجک شراکت داری اور ایک محفوظ اور مستحکم بحری ماحول کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔