سردار ایاز صادق نے امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی پر اراکین قومی اسمبلی کو مبارکباد دی

11

اسلام آباد08 اپریل (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے مشرق وسطیٰ میں امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے اعلان پر معزز اراکین قومی اسمبلی کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کی نتیجہ ہے اور پوری پاکستانی قوم کے لیے یہ تاریخی اعزاز اور قابل فخر لمحہ ہے۔

سردار ایاز صادق نے وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف، نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، اور مسلح افواج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو اُن کی مشترکہ بے مثال سفارتکاری اور انتھک محنت پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک تاریخ ساز کامیابی ہے اور ہر پاکستانی رب العزت کے سامنے پوری عاجزی سے سجدہ ریز ہے کہ پاکستان کا نام ساری دنیا میں عزت اور احترام سے لیا جا رہا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ یہ ایک انتہائی تکلیف دہ جنگ تھی جس میں دونوں طرف سے مسلمانوں ہی کا نقصان ہو رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سو یہ وقت ہے کہ تمام مسلم امہ باہمی اتفاق اور احترام سے نہتے اور مظلوم مسلمانوں کی فلاح کے لیئے اکھٹی ہو جائے۔