اسلام آباد، 08 اپریل (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بدھ کو پرائم منسٹر آفس اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کابینہ کو خلیج میں جاری کشیدگی کے خاتمے اور جنگ بندی کے لیے پاکستان کے اقدامات اور کوششوں پر اعتماد میں لیا۔
اجلاس میں وزیراعظم کی آمد پر پورا ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے تمام کابینہ ارکان کا شکریہ ادا کیا۔
وفاقی کابینہ نے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جنگ بندی اور خطے میں امن کی کوششوں پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم اور وفاقی کابینہ نے قوم سے اپیل کی کہ جمعہ کے روز پاکستان کی کوششوں کے مثبت نتائج پر اللہ کے حضور سجدہ شکر بجا لائیں اور جنگ بندی کے مستقل امن میں بدلنے اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کریں۔
کابینہ ارکان نے پاکستان کی سفارتی محاذ پر کوششوں اور اس پر دنیا بھر میں ملنے والی پزیرائی کو تاریخی قرار دیتے ہوئے ملکی معاشی ترقی کے لیے محنت کے عزم کا اعادہ کیا۔
کابینہ ارکان نے کہا کہ پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کی وجہ سے خطہ مستقل امن کی جانب تیزی سے گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے انتہائی کشیدہ اور ناامیدی کی فضا میں فریقین کو جنگ بندی پر راضی کر کے دنیا بھر میں پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔











