پاک بحریہ  کا بروقت آپریشن، غیر ملکی  تجارتی جہاز کے عملے کے 18 افراد کو بحفاظت بچا لیا

10

راولپنڈی،10اپریل  (اے پی پی): پاک بحریہ  نے تیز رفتار انسانی ہمدردی کے تحت  ایک کامیاب آپریشن  کے دوران  شمالی بحیرۂ عرب میں پھنسے ایک تجارتی بحری جہاز کے  عملہ کے 18 افراد کو بحفاظت ریسکیو کر لیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق پاکستان کے ساحل سے تقریباً 200 ناٹیکل مائلز (370 کلومیٹر)دور  مرچنٹ ویسل ’’ایم وی گولڈ آٹم‘‘ کی جانب سے  مدد کی کال موصول ہوئی جس پر پاکستان نیوی کے جہاز ’’پی این ایس حنین‘‘نے فوری طور پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کیا۔

ریسکیوکئےجانے والے افراد میں چین، بنگلہ دیش، میانمار، ویتنام اور انڈونیشیا کےشہری شامل ہیں۔ پی این ایس حنین پر موجود ماہر ٹیم نے نہ صرف عملے کو بحفاظت نکالا بلکہ انہیں طبی امداد فراہم کی، آگ بجھانے میں مدد کی اور جہاز کو پہنچنے والے نقصان کا بھی جائزہ لیا۔ تمام افراد کو مزید طبی سہولیات اور اپنے ممالک واپسی کے لیے کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔

پاک نیوی کے جہاز کی طرف سے پاکستان کے ساحل سے دور توسیعی رینج میں فراہم کی جانے والی انسانی امداد  متعلقہ علاقے میں سمندری بحران کی صورت حال کا  فوری جواب   پاکستان نیوی کےمسلسل عزم اور ذمہ داری کی عکاسی کرتا ہے۔