سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب اور وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کی زیر صدارت اہم اجلاس

20

لاہور، 10 اپریل (اے پی پی): سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب اور وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کی زیر صدارت اہم اجلاس میں پاکستان ریلویز اور حکومت پنجاب کے مابین شراکت داری کو فروغ دینے اور جاری منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مریم نواز شریف کے وژن کے تحت صوبہ پنجاب اور پاکستان ریلوے کے درمیان تعاون کو مزید مؤثر بنانے پر غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ریلوے کے 9 اہم روٹس کو بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جنہیں پاکستان ریلوے کی شراکت سے مکمل کیا جائے گا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ ان منصوبوں سے 8 کروڑ سے زائد شہری مستفید ہوں گے۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق لاہور ریلوے اسٹیشن کی ری ویمپنگ پر کام جاری ہے جبکہ لاہور سے راولپنڈی فاسٹ ٹرین منصوبے اور ریلوے ٹریک کی بہتری پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نیسپاک کی جانب سے سب اربن لوپ کی فیزیبلٹی سٹڈی مکمل ہونے کے بعد مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے جائیں گے۔ اجلاس میں لاہور، راولپنڈی اور ملتان کے ریلوے ٹریکس کی بحالی سے حادثات میں نمایاں کمی لانے پر زور دیا گیا۔ مزید برآں قصور اور کڈیاں خاص کے اطراف گرین بیلٹس کے قیام، ریلوے ٹریکس کے ساتھ جنگلات لگانے اور خالی جگہوں کو سرسبز بنانے کے منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ مریم اورنگزیب نے سیکرٹری جنگلات کو ایک سال کے اندر منصوبہ مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے بتایا کہ “پلانٹ ڈاکٹر” ایپ کے ذریعے نگرانی کی جا رہی ہے۔ اجلاس کے دوران ریلوے اسٹیشنز کی صفائی ستھرائی کو بہتر بنانے کے لیے انہیں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سپرد کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا جبکہ ڈی جی آرکیالوجی نے اسٹیشنز پر جدید کیفیز کے قیام سے متعلق بریفنگ دی۔ بعد ازاں وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی اور مریم اورنگزیب نے لاہور ریلوے اسٹیشن کا دورہ کیا جہاں جاری تعمیر و بحالی کے کاموں کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر پارکنگ، کیفے، انتظار گاہ، مسجد اور دیگر سہولیات کا معائنہ کیا گیا۔ وزرا نے شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کے مسائل سنے اور فوری حل کی یقین دہانی کرائی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت شہریوں کو بہترین سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ محکمے اپنے اہداف بروقت مکمل کریں جبکہ منصوبوں کی پیش رفت کا ہفتہ وار جائزہ لیا جائے گا۔