اسلام آباد ، 11 اپریل ( اے پی پی): اسلام آبادمیں 11 اور 12 اپریل 2026 کو غیر ملکی وفود کی آمد کے پیش نظر سیکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کے تحت خصوصی ڈائیورشن پلان جاری کر دیا گیا ہے۔
ڈائیورشن پلان کے مطابق ریڈ زون اور توسیعی ریڈ زون مکمل طور پر بند رہیں گے، جبکہ شہر کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی آمدورفت محدود کر دی جائے گی۔ کشمیر چوک سے کلب روڈ، سرینگر ہائی وے زیرو پوائنٹ سے سرینا چوک، شکر پڑیاں روڈ، جناح ایونیو، مارگلہ روڈ اور ایکسپریس وے زیرو پوائنٹ سے کورال چوک تک دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے بند رہیں گے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ان راستوں پر سفر سے گریز کریں اور متبادل راستے اختیار کریں۔ اس دوران 11 اور 12 اپریل تک اسلام آباد میں ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا داخلہ بھی مکمل طور پر بند رہے گا۔
ٹریفک پولیس نے مختلف علاقوں کے لیے متبادل روٹس بھی تجویز کیے ہیں۔
جی ٹی روڈ پشاور سے راولپنڈی آنے والے شہری ٹیکسلا موٹروے، چکری، چک بیلی روڈ اور روات روڈ استعمال کریں، جبکہ لاہور سے پشاور جانے والے مسافر روات، چک بیلی روڈ اور ٹیکسلا موٹروے کا رخ کریں۔اسی طرح جی-5، ایف-6، ایف-7، جی-6 اور جی-7 کے رہائشیوں کو 9ویں ایونیو استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ فیصل ایونیو سے زیرو پوائنٹ جانے والی ٹریفک کو بھی 9th ایونیو کی طرف موڑا جائے گا۔
بھارہ کہو سے راولپنڈی جانے والے شہری کورنگ روڈ، بنی گالہ اور لہتراڑ روڈ استعمال کریں، جبکہ راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیان سفر کرنے والوں کو صدر روڈ کے ذریعے 9th ایونیو اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔اس کے علاوہ کرنل شیر خان روڈ سے فیصل ایونیو آنے والے شہری 9th ایونیو سگنل سے اسٹیڈیم روڈ استعمال کریں-
پشاور سے لاہور جانے والے شہری براستہ ٹیکسلا موٹروے اور ترنول پھاٹک سے فتح جنگ موٹروے استعمال کریں اور لاہور جی ٹی روڈ سے اسلام آباد اور راولپنڈی جانے والی ہیوی ٹریفک چک بیلی روڈ سے چکری موٹروے استعمال کریں۔
ٹریفک حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی پریشانی سے بچنے کے لیے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں اور متبادل راستوں کا استعمال یقینی بنائیں۔











