وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کی زیر صدارت اجلاس، ڈیری صنعت کو درپیش چیلنجز پر غور

7

اسلام آباد،13 اپریل(اے پی پی ): وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کی زیر صدارت ڈیری سیکٹر سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن کے وفد نے ڈاکٹر شہزاد امین کی قیادت میں شرکت کی۔

 اجلاس میں ڈیری سیکٹر کو درپیش ٹیکس اور ٹیرف سے متعلق چیلنجز پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس کے دوران دودھ کی پیداوار بڑھانے کے لیے جینیاتی معیار کو بہتر بنانے پر زور دیا گیا جبکہ کسانوں کو باقاعدہ کاروباری ماڈل کی طرف لانے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا گیا۔ ڈیری مصنوعات پر جی ایس ٹی کی شرح کم کرنے کی تجویز بھی زیر غور آئی تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے اور صنعت کو فروغ ملے۔

وفاقی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ڈیری سیکٹر میں اصلاحات کے لیے جامع حکمت عملی تیار کی جائے۔ اس سلسلے میں رانا احسان افضل کو تفصیلی تجاویز مرتب کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی۔ مزید برآں، صوبائی سطح پر ہم آہنگی کے لیے وزرائے اعلیٰ کو خطوط ارسال کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں صرف پیسچرائزڈ اور پیک شدہ دودھ کی فروخت یقینی بنانے، کسانوں کو مالی معاونت اور بینکنگ سہولیات فراہم کرنے، اور بڑے شہروں میں پائلٹ منصوبوں کے ذریعے ڈیری سیکٹر کو باضابطہ بنانے کی تجاویز بھی زیر غور آئیں۔

شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ کراس بریڈنگ پروگرامز اور کسانوں کی تربیت کو ترجیح دی جائے تاکہ ڈیری سیکٹر کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جا سکے اور یہ قومی معیشت میں مؤثر کردار ادا کر سکے۔