پاکستان ٹینس فیڈریشن کے زیر اہتمام عالمی ٹینس لیجنڈ بیورن بورگ رواں ماہ پاکستان کا دورہ کریں گے

19

اسلام آباد، 13 اپریل ( اے پی پی): پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) کے زیر اہتمام عالمی ٹینس لیجنڈ بیورن بورگ رواں ماہ پاکستان کا تاریخی دورہ کریں گے۔

یہ دورہ ملک میں بین الاقوامی ٹینس کے فروغ اور عالمی تشخص کی بہتری کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔11 گرینڈ سلیم ٹائٹلز جیتنے والے سابق عالمی نمبر ون بیورن بورگ کا یہ دورہ 26 اپریل سے 10 مئی 2026 تک اسلام آباد میں منعقد ہونے والی آئی ٹی ایف مینز فیوچرز ٹینس ٹورنامنٹ سیریز کے دوران ہوگا، جس میں دنیا بھر سے 200 سے زائد کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں۔

پی ٹی ایف کے صدر اعصام الحق قریشی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ حکومتِ پاکستان اور عسکری قیادت کی جانب سے عالمی امن کے لیے کی جانے والی کوششوں اور ملک کی مثبت پالیسیوں کے باعث بین الاقوامی شخصیات کا پاکستان پر اعتماد بڑھا ہے، جس کا واضح ثبوت بیورن بورگ جیسے عظیم کھلاڑی کی آمد ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح ماضی میں باکسنگ لیجنڈ محمد علی نے پاکستان کا دورہ کیا تھا، اسی طرح بورگ کا یہ دورہ بھی نہ صرف نوجوان کھلاڑیوں کے لیے تحریک کا باعث بنے گا بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کو ایک محفوظ اور کھیلوں کے لیے پرکشش مقام کے طور پر پیش کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔