وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس، ایران امریکہ امن مذاکرات پر وزیراعظم، نائب وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کو خراج تحسین

9

اسلام آباد،13 اپریل (اے پی پی):  وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔وزیراعظم نے کابینہ کو خطے کی صورتحال اور پاکستان کی امن کے لیے کوششوں سے آگاہ کیا۔ وفاقی کابینہ نے اتفاق رائے سے قرارداد منظور کی۔قرارداد میں کہا گیا کہ وفاقی کابینہ رب ذوالجلال کے حضور سجدہ شکر ادا کرتی ہے کہ اس نے پاکستان کو خطے اور دنیا میں قیام امن کے لیے مرکزی کردار ادا کرنے کا موقع دیا۔کابینہ نے ایران اور امریکہ کے درمیان تاریخ ساز امن مذاکرات کے انعقاد پر وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے انتھک لگن اور تدبر سے دو متحارب فریقین کو اکٹھے بٹھایا اور تقریباً نصف صدی پر محیط تعطل کا خاتمہ کیا۔قرارداد میں کہا گیا کہ وفاقی کابینہ بالخصوص نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی شبانہ روز کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے جنہوں نے راتیں جاگ کر انتہائی احسن طریقے سے معاملات کو نبھایا۔کابینہ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ امن کے اس سفر میں انہیں کامیابیاں عطا فرمائے۔ قرارداد میں کہا گیا کہ اقوام عالم کی تاریخ میں پاکستان کا یہ کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔