سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قومی ورثہ و ثقافت کا اجلاس

18

 

اسلام آباد، 13 اپریل (اے پی پی ): سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قومی ورثہ و ثقافت کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر ہدایت اللہ خان کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔

 قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹرز روبینہ خالد،  سید وقار مہدی اور آن لائن سینیٹر سرمد علی کے علاوہ سیکرٹری وزارت برائے قومی ورثہ و ثقافت کے علاوہ متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔

قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس  کی جانب سے ادارے کے کردار، ذمہ داریوں اور علاقائی ثقافت کے فروغ کے لیے اب تک اٹھائے گئے اقدامات، سالانہ مختص بجٹ کی تفصیلات، نیشنل لائبریری آف پاکستان کے ادارے کے کردار، فرائض و ذمہ داریوں اور ملک کے نوجوانوں کے لیے ادبی ماحول فراہم کرنے کے لیے کیے گئے اقدامات، سالانہ مختص بجٹ سمیت نیشنل لینگویج پروموشن ڈیپارٹمنٹ  کے  ادارے کے کردار، فرائض و ذمہ داریوں اور قومی زبان کے قومی و بین الاقوامی سطح پر فروغ کے لیے کیے گئے اقدامات پر مفصل بریفنگ اور مختص بجٹ کی تفصیلات کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔

 سینیٹر وقار مہدی نے کہا کہ پاکستان نیشنل کونسل کے فنکشنز اور کارکردگی کو بہتر  انداز میں اجاگر کیا جائے، لوگوں کو معلومات فراہم کی جائیں کہ یہ کیا سہولیات فراہم کر سکتا ہے۔ قائمہ کمیٹی نے ادارے کی گزشتہ تین سالہ اخراجات آمدن کی تفصیلات طلب کر لی۔

قائمہ کمیٹی نے قومی نصاب میں کلچر سے متعلق مضامین شامل کرنے کی سفارش کر دی۔