وفاقی وزیر خزانہ اور آئی ایف سی کے منیجنگ ڈائریکٹر کے درمیان ملاقات،  نجی شعبے کی سرمایہ کاری اور کیپٹل مارکیٹس پر تبادلہ خیال

10

واشنگٹن ڈی سی، 13اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے بہاری اجلاسوں 2026 کے موقع پر انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) کے منیجنگ ڈائریکٹر مختار دیوپ سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے معاشی اثرات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ حکومت پاکستان صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور بروقت اور مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔

وزیر خزانہ نے پاکستان کے لیے آئی ایف سی کی مسلسل حمایت کو سراہا، خاص طور پر مقامی کرنسی میں مالی معاونت فراہم کرنے کے کردار کو اہم قرار دیا۔ انہوں نے نجی شعبے کی سرمایہ کاری بڑھانے، پیداواریت بہتر بنانے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے آئی ایف سی کے کردار کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

سینیٹر اورنگزیب نے آئی ایف سی سے پاکستان میں کیپٹل مارکیٹس کی ترقی کے لیے تعاون کی درخواست کی اور دیگر ممالک کے کامیاب تجربات سے استفادہ کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے ٹریڈ فنانس میں آئی ایف سی کے کردار کو بھی سراہا اور موجودہ حالات میں اس کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

وزیر خزانہ نے زرعی شعبے میں ترقی اور جدت کے فروغ کے لیے آئی ایف سی اور وزیر اعظم کی ٹاسک فورس برائے زراعت کے درمیان قریبی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے آئی ایف سی کی نئی حکمت عملی کو بھی سراہا، جس کے تحت ادارہ اپنے بیلنس شیٹ پر سرمایہ رکھنے کے بجائے “اورجنیٹ اینڈ ڈسٹریبیوٹ” ماڈل کی طرف بڑھ رہا ہے تاکہ نجی سرمایہ کاری کو زیادہ سے زیادہ متحرک کیا جا سکے۔

ملاقات میں پاکستان اور آئی ایف سی کے درمیان مضبوط شراکت داری کو مزید فروغ دینے اور نجی شعبے کے ذریعے پائیدار اقتصادی ترقی کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔