پٹرولیم مصنوعات کے ذخائر پر جائزہ اجلاس، تیل کی کمی کا بحران پیدا نہیں ہوا، کھپت کی مسلسل نگرانی کی ہدایت

13

اسلام آباد،13 اپریل (اے پی پی):  وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت خطے میں کشیدگی کے پیش نظر ملک میں پٹرولیم مصنوعات کے ذخائر کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

وزیراعظم نے ملک میں تیل کی کھپت کی مستقل نگرانی جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ تیل کی کھپت اور ذخائر کی مسلسل نگرانی اور بہتر حکمت عملی کی وجہ سے خطے میں کشیدگی کے باوجود تیل کی کمی کا بحران پیدا نہیں ہوا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے جو اقدامات کیے گئے ہیں وہ جاری رہیں گے۔

اجلاس میں وزیراعظم کو ملک میں تیل کے موجودہ ذخائر اور مستقبل کی ضروریات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی مناسب مقدار موجود ہے مگر بچت کے لیے کفایت شعاری کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔

بریفنگ میں آگاہ کیا گیا کہ مستقبل کی ضروریات کے پیش نظر تیل کی درآمد کا انتظام کیا جا چکا ہے۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ، وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔