وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر جہاد اظہور سے ملاقات، اصلاحات اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال

10

واشنگٹن ڈی سی ،14اپریل(اے پی پی): وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے بہار اجلاس 2026 کے موقع پر آئی ایم ایف کے مشرق وسطیٰ و وسطی ایشیا ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جہاد اظہور اور پاکستان کے لیے آئی ایم ایف مشن ٹیم سے ملاقات کی۔

وزیر خزانہ نے اسٹاف لیول معاہدے (SLA) پر اطمینان کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ جلد اس کی منظوری دے گا تاکہ پاکستان کے اصلاحاتی پروگرام کی رفتار برقرار رہے۔

ملاقات کے دوران سینیٹر اورنگزیب نے مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے پاکستان کی معیشت پر اثرات سے آگاہ کیا اور اسے حالیہ دور کے بڑے سپلائی شاکس میں سے ایک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس بحران کے دوسرے اور تیسرے درجے کے اثرات، خاص طور پر معاشی نمو اور مہنگائی کے حوالے سے، مؤثر انداز میں نمٹ رہی ہے۔

وزیر خزانہ نے یورو بانڈ کی کامیاب ادائیگی کا بھی ذکر کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت تمام آئندہ دوطرفہ اور کثیرالجہتی مالی ذمہ داریوں کو بروقت پورا کرے گی۔

دونوں فریقین نے مالیاتی اور ساختی اصلاحات میں پیش رفت اور محصولات بڑھانے کی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔