کراچی،15 اپریل(اے پی پی ): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بدھ کو یہاں کراچی میں چین کے قونصلیٹ کا دورہ کیا۔ چین کے قونصل جنرل یانگ یونڈونگ نے وفاقی وزیر کا خیر مقدم کیا۔ملاقات کے دوران پاک چین دوطرفہ تعاون، چینی سرمایہ کاروں کو سہولتوں کی فراہمی اور سکیورٹی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے چینی قونصل جنرل کو پاکستان میں چینی شہریوں کی حفاظت کے لیے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا اور چینی بزنس مینوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے اعلان کیا کہ چینی بزنس مینوں کے مسائل کے حل کیلئے جلد اسلام آباد میں خصوصی کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے چینی قونصل جنرل اور کراچی کے چینی بزنس مینوں کو اس کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ چینی سرمایہ کار پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور انہیں ہر سطح پر سہولتیں مہیا کی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ پاکستان میں زیادہ سے زیادہ چینی سرمایہ کاری ہو اور چینی بزنس مینوں کو بزنس فرینڈلی ماحول کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے۔
اس موقع پر چینی قونصل جنرل یانگ یونڈونگ نے پاک چین دوطرفہ تعاون بڑھانے کے لیے متحرک کردار ادا کرنے پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کی جانب سے کیے گئے سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔











