وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی سی ایف ایم سی اے اجلاس میں شرکت، ماحولیاتی استحکام اور گرین معیشت پر زور

8

واشنگٹن ڈی سی ، 15 اپریل (اے پی پی ): وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نےی ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے بہار اجلاس 2026 کے تیسرے دن کوالیشن آف فنانس منسٹرز فار کلائمیٹ ایکشن (CFMCA) کے 15ویں وزارتی اجلاس میں”ماحولیاتی اقدامات کو ترقی، روزگار اور مسابقت کا ذریعہ بنانا” کے موضوع پر مبنی نشست میں شرکت کی۔

وزیر خزانہ نے اپنے خطاب میں پاکستان کی ماحولیاتی لچک میں بہتری کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ 2022 کے تباہ کن سیلاب کے دوران پاکستان کو فوری طور پر بین الاقوامی امداد حاصل کرنا پڑی، جبکہ 2025 میں اسی نوعیت کی آفت کے وقت ملک نے اپنے وسائل سے ریلیف فراہم کیا، جو گزشتہ عرصے میں مالیاتی استحکام میں بہتری کا مظہر ہے۔

سینیٹر اورنگزیب نے پاکستان کے مالیاتی نظام کو ماحول دوست بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات کا ذکر کیا، جن میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ گرین ٹیکسونومی گائیڈ لائنز شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں اس وقت تقریباً 8,000 میگاواٹ شمسی توانائی کی صلاحیت موجود ہے اور آئندہ دس برسوں میں 90 فیصد توانائی قابل تجدید ذرائع سے حاصل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

وزیر خزانہ نے ماحولیاتی مالیات کے شعبے میں پاکستان کے ساتھ مسلسل تعاون پر بین الاقوامی شراکت داروں کا شکریہ ادا کیا، خصوصاً آئی ایم ایف کی ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی (RSF) اور عالمی بینک گروپ کے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کا ذکر کیا۔