پاک بحریہ کی تکنیکی و آپریشنل صلاحیتوں کا  بھرپورمظاہرہ: مقامی  تیار کردہ اینٹی شپ میزائل کا کامیاب تجربہ

11

راولپنڈی۔16اپریل  (اے پی پی):پاک بحریہ نے اپنی تیاری اور درست نشانہ بنانے کی صلاحیت کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے مقامی طور پر تیار کردہ جہاز سے داغے جانے والے اینٹی شپ میزائل کا کامیاب تجربہ کیا، جس نے تیز رفتار کے ساتھ دور فاصلے پر اپنے ہدف کو درستگی سے نشانہ بنایا۔

جمعرات کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق  پاک بحریہ کے سربراہ  ایڈمرل نوید اشرف معروف سائنسدانوں اور انجینئرز کے ہمراہ اس میزائل فائرنگ کے مشاہدہ کے لیے موجود تھے۔

یہ میزائل جدید رہنمائی نظام (گائیڈنس سسٹم) اور اعلیٰ درجے کی مینوریبلٹی  سے لیس ہے، جو اسے خطرات سے بچنے، بدلتی ہوئی صورتحال کے مطابق خود کو ڈھالنے اور نہایت درستگی اور مؤثر انداز میں  ہدف کو  نشانہ بنانے کے قابل بناتا ہے۔مقامی طور پر تیار کردہ اس میزائل کا کامیاب تجربہ تکنیکی مہارت اور عملی صلاحیتوں کے امتزاج کو ظاہر کرتا ہے۔

یہ کامیابی پاکستان نیوی کے اس عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ وہ روایتی دفاعی نظام میں سمندری طاقت کو مضبوط رکھتے ہوئے خطے میں بحری سلامتی اور استحکام کو یقینی بنائے۔

صدر  آصف علی زرداری ، وزیر اعظم محمد شہباز شریف ،  چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز  فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور مسلح افواج کے سربراہان نے اس کامیابی پر متعلقہ یونٹس اور سائنسدانوں کو مبارکباد دی ہے۔