گلگت بلتستان کے ضلع گانچھے سے تعلق رکھنے والے نامور وکلاء کی پاکستان مسلم لیگ (ن)میں شمولیت

9

اسلام آباد، 16اپریل(اے پی پی): گلگت بلتستان کے ضلع گانچھے سے تعلق رکھنے والے نامور وکلاء نے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کر لی۔ یہ شمولیت وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان و سیفران و صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخواہ انجینئر امیر مقام سے ملاقات کے دوران عمل میں آئی۔

تقریب کے موقع پر وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے نئے شامل ہونے والے وکلاء کو پارٹی کیپس اور مفلر پہنائے اور انہیں مسلم لیگ (ن) میں خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ایک مضبوط اور منظم جماعت ہے جس کے پاس بہترین اور متحرک ٹیم موجود ہے، جو ملک کی ترقی اور عوامی خدمت کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔

انجینئر امیر مقام نے کہا کہ حکومت پاکستان نے گلگت بلتستان کے لیے پرائم منسٹر سولر پینل سکیم 2026 کا آغاز کیا ہے تاکہ بجلی کی قلت کو کم کیا جا سکے اور اہل گھرانوں کو مفت یا سبسڈی پر سولر سسٹم فراہم کیا جا سکے۔ 100 میگاواٹ کے شمسی منصوبے کا مقصد بجلی کی طویل بندش کو ختم کرنا اور دور دراز پہاڑی علاقوں میں صاف توانائی کو فروغ دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں غریب و نادار گھرانوں سے تعلق رکھنے والے بچوں اور بچیوں کیلئے دانش سکول قائم کر رہے ہیں جہاں بین الاقوامی معیار کی اعلیٰ تعلیم کے ساتھ ساتھ رہائش کی سہولت بھی فراہم کریں گے۔

انجینئر امیر مقام نے کہا کہ گلگت بلتستان کے لوگوں کی ترقی، انہیں صحت اور تعلیم کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں سڑکوں کی تعمیر کا کام بھی جاری ہے جس سے سیاحت کو فروغ ملے گا اور خوشحالی آئے گی۔