خزانہ کی ورلڈ بینک کے راؤنڈ ٹیبل میں شرکت، ڈیجیٹل سماجی تحفظ اور شمولیت پر گفتگو

12

واشنگٹن ڈی سی ، 17 اپریل ( اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے ورلڈ بینک کے زیر اہتمام “ڈیجیٹل طریقے سے سماجی تحفظ کی فراہمی پاکستان، مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے تجربات اور جدت” کے عنوان سے منعقدہ راؤنڈ ٹیبل میں شرکت کی۔ یہ اجلاس ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے بہار اجلاس کے موقع پر واشنگٹن ڈی سی میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں پاکستان کے ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر (DPI) کا سفر اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام  کی ڈیجیٹل تبدیلی جیسے دو اہم موضوعات پر گفتگو ہوئی۔

وزیر خزانہ نے اپنے افتتاحی کلمات میں کورونا وبا اور مشرق وسطیٰ میں جاری صورتحال کا تقابلی جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وبا حالیہ تاریخ کا سب سے بڑا طلب کا جھٹکا تھا جبکہ موجودہ صورتحال ایک بڑا سپلائی شاک ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن ممالک نے بروقت گورننس اور ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کی، وہ کورونا کے دوران بہتر کارکردگی دکھا سکے، اور پاکستان اب اپنی ڈیجیٹل بنیادوں کی بدولت موجودہ چیلنجز سے بہتر انداز میں نمٹ رہا ہے۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ موٹر سائیکل سواروں، پبلک ٹرانسپورٹ اور چھوٹے کسانوں کے لیے ہدفی ڈیجیٹل سبسڈیز ایک مضبوط ڈیجیٹل ادائیگی نظام کے ذریعے آسانی سے فراہم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل سماجی تحفظ صرف ادائیگی کا نظام نہیں بلکہ مالی شمولیت اور معاشی خودمختاری کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ اس کے ذریعے خاص طور پر خواتین کو بینک اکاؤنٹس تک رسائی اور ڈیجیٹل لین دین کی سہولت مل رہی ہے، جس سے طویل مدت میں معیشت میں شمولیت اور غیر رسمی شعبے کی دستاویزی شکل کو فروغ مل رہا ہے۔