اسلام آباد۔24اپریل (اے پی پی):وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان اصلاحات سے آگے بڑھ کر خود کو نئی پوزیشن میں لا رہا ہے، اب جدت کرنسی، تخلیق سرمایہ اور ڈیزائن طاقت بن چکا ہے، پاکستان میں آئیڈیاز کی کمی نہیں، صرف انہیں مواقع اور پلیٹ فارم مہیا کرنے کی ضرورت ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائز ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور پاکستان انسٹیٹیوٹ آف فیشن اینڈ ڈیزائن کے درمیان مفاہمتی یادداشت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔معاون خصوصی نے کہا کہ یہ صرف ایک ایم او یو نہیں بلکہ وژن اور ویلیو کا امتزاج ہے، تخلیقیت اور انٹرپرائز کے ملاپ سے معیشتیں ترقی کے ساتھ قیادت بھی حاصل کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم مقدار سے معیار، اور موجودگی سے ترجیح بننے کی طرف بڑھ رہے ہیں، سمیڈا اور پی آئی ایف ڈی کا اشتراک کاروبار اور تخلیقی صلاحیتوں کو جوڑنے کا اہم قدم ہے، اس شراکت داری سے مصنوعات کی بہتری، برانڈنگ، ڈیجیٹل رسائی اور مارکیٹ تک رسائی کو فروغ ملے گا۔ ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ ہم کاروباروں کو صرف بڑھنے نہیں بلکہ عالمی سطح پر مقابلہ کرنے کے قابل بنا رہے ہیں، نیشنل ویمن انٹرپرینیورشپ پالیسی کے ذریعے نظام کو خواتین کے لیے سازگار بنایا جا رہا ہے، بااختیار بنانا مدد نہیں بلکہ رسائی، اختیار اور تیزی فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدام پاکستان کو ویلیو چین میں اوپر لے جانے کا واضح اشارہ ہے، پاکستان کے نوجوان اور خواتین قیادت کے لیے تیار ہیں، خواتین اور مائیکرو انٹرپرائزز کو بااختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ سمیڈا اور پی آئی ایف ڈی کا معاہدہ جامع اور پائیدار معاشی ترقی کی جانب اہم سنگِ میل ہے، تین سالہ نیشنل پروڈکٹ ڈیویلپمنٹ سپورٹ پروگرام کے ذریعے خواتین اور چھوٹے کاروباروں کو سہولت دی جائے گی۔











