سپارکو  کا مقامی طور پر تیار کردہ الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ (ای او-3) کی کامیاب لانچنگ کا اعلان

9

راولپنڈی،25اپریل  (اے پی پی):پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن ( سپارکو ) نے چین کے تائی یوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے مقامی طور پر تیار کردہ الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ (ای او-3) کی کامیاب لانچنگ کا اعلان کیا ہے۔

 ای او-3 سیٹلائٹ کا کامیاب اجراء پاکستان کی خود انحصاری اور تکنیکی ترقی کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے۔ یہ سیٹلائٹ شہری منصوبہ بندی، قدرتی آفات سے نمٹنے، غذائی تحفظ اور ماحولیاتی تحفظ کے شعبوں میں جدیدامیجنگ ڈیٹا فراہم کرے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ای او-3 سیٹلائٹ کی کامیاب لانچنگ ایک مربوط ارتھ آبزرویشن سسٹم کی بنیاد ثابت ہوگی جو مختلف شعبوں میں پالیسی سازی اور ترقیاتی منصوبوں میں معاونت فراہم کرے گا اور پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی میں کردار ادا کرے گا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اس تاریخی کامیابی پر سپارکو کے انجینئرز اور سائنسدانوں کی پیشہ وارانہ مہارت اور عزم کو سراہا جبکہ خلائی شعبے میں چین کے مسلسل تعاون کو بھی قابلِ قدر قرار دیا۔