وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت 4 گھنٹے طویل اجلاس، سی ڈی اے ریکارڈ 120 دن میں ڈیجیٹلائز کرنے کا فیصلہ

7

اسلام آباد ، 29اپریل(اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں اسلام آباد میں جاری عوامی منصوبوں پر پیش رفت اور نئے منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سی ڈی اے کا تمام ریکارڈ 120 دن میں ڈیجیٹلائز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ اس کے بعد شہری خود درخواستوں کا اپ ڈیٹ سٹیٹس معلوم کر سکیں گے۔

وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ کسی بھی غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی کو اسلام آباد میں کام کرنے کی ہرگز اجازت نہیں ہو گی۔نئے کنونشن سنٹر، ایکسپو سنٹر اور اسلام آباد ارینہ کی تعمیر کے لیے 3 بین الاقوامی کمپنیوں کی پری کوالیفکیشن مکمل کر لی گئی۔ وزیر داخلہ نے تعمیر ایس سی او سمٹ سے قبل مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ ایف 6 میں خدمت مرکز بنانے اور منصوبے کے لیے اراضی مختص کرنے کا بھی فیصلہ ہوا۔جدید تفریحی سہولیات کے فروغ کے لیے ٹاپ گالف، ہاٹ ایئر بیلون، زپ لائن، واٹر پارک اور امیوزمنٹ پارک پر کام کا جلد آغاز کرنے کی ہدایت کی گئی۔ کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے جدید سپورٹس کمپلیکس بھی بنائے جائیں گے۔

وزیر داخلہ نے ایف نائن پارک کو ہائیڈ پارک کی طرز پر اور شاہدرہ ڈیم کے ساتھ تفریحی سہولیات کا جامع پلان بھی طلب کر لیا۔ ایکسپریس وے اور کلب روڈ کی بیوٹیفیکیشن اور لائٹنگ پر بھی کام فوری شروع کرنے کا حکم دیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے سی ڈی اے میں کرپشن سکینڈل بے نقاب کرنے پر چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف اور ممبر سٹیٹ زمان وٹو کو مبارکباد دی اور کہا کہ کرپشن میں ملوث کسی فرد کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔

چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے وزیر داخلہ کو تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایکسپریس وے پر سروس روڈ کی تعمیر پلاننگ ڈویژن کی منظوری کے بعد شروع ہوگی۔