صدر آصف علی زرداری کا پانچ روزہ سرکاری دورہ مکمل، چین سے پاکستان روانہ

7

اسلام آباد،1مئی  (اے پی پی):صدرِ مملکت آصف علی زرداری پانچ روزہ سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد چین کے شہر سانیا سے پاکستان روانہ ہو گئے۔

صدرِ مملکت کو سانیا ایئرپورٹ پر کمیونسٹ پارٹی آف چائنا ہائی نان کے سینئر رہنما وانگ چیانگ نے الوداع کیا۔ اس موقع پر پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ اور چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی اور چینی وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

صدر زرداری کے دورہ چین کے دوران ہونان اور ہائی نان میں صنعتی، زرعی اور بحری معیشت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

صدرِ مملکت نے دورہ چین کے دوران شائوشان میں چیئرمین مائو زے تنگ کے آبائی شہر کا دورہ کیا اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ سی پیک 2.0 کے تحت اندرونِ ملک صنعتی ترقی اور بلیو اکانومی پر پیشرفت دورے کا اہم محور رہی۔ چانگشا میں دورے کے دوران پاکستان اور چین کے اداروں کے درمیان سمندری پانی کو قابلِ استعمال بنانے، زرعی ٹیکنالوجی اور چائے کے شعبے میں تعاون کے فروغ کیلئے تین مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ سانیا میں صدرِ مملکت کی موجودگی میں مشینری، جانوروں کی ویکسینز اور طبی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کیلئے مفاہمت کی دو یادداشتوں اور مشترکہ سرمایہ کاری کے ایک معاہدے پر دستخط کئے گئے۔

صدرِ مملکت نے چانگشا اور سانیا میں صوبائی سطح پہ پارٹی قیادت کے ساتھ تفصیلی ملاقاتیں کیں۔ صدر آصف علی زرداری نے سانیا میں پاک بحریہ کی پہلی ہنگور کلاس آبدوز کی کمیشننگ تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت بھی کی۔

صدر کے دورے سے پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے پس منظر میں مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر تبادلہ خیال ہوا۔