لاہور،3مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ سابق گورنر پنجاب اور سینئر سیاستدان سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ کے انتقال پر تعزیت کے لئے ان کے گھر گئے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے مرحوم کے بیٹوں سردار سیف الدین کھوسہ اور سردار دوست محمد کھوسہ سے ان کے والد کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور مرحوم کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ ایک مدبر، باوقار اور تجربہ کار سیاسی رہنما تھے، مرحوم نے ملکی سیاست اور عوامی خدمت کے میدان میں نمایاں کردار ادا کیا۔ مرحوم کی سیاسی و سماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ کے انتقال سے ملکی سیاست ایک زیرک اور سنجیدہ رہنما سے محروم ہو گئی ہے۔ عطاء اللہ تارڑ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوارِ رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔











