افواجِ پاکستان اور قوم کا اتحاد ہماری سب سے بڑی طاقت ہے، سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالرؤف خان

398

اسلام آباد، 06 مئی (اے پی پی): سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالرؤف خان نے معرکۂ حق کے حوالے سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ افواجِ پاکستان اور قوم کا باہمی اتحاد ہماری سب سے بڑی طاقت ہے، جو ہر مشکل گھڑی میں ہمیں ایک مضبوط قوم بناتا ہے اور دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بناتا ہے۔

معرکہ حق کو ایک سال مکمل ہونے پر قوم کے نام اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق نے ثابت کیا ہے کہ جب پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہو تو کوئی بھی چیلنج بڑا نہیں رہتا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے جس جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور لازوال قربانیوں کا مظاہرہ کیا، اس سے پوری دنیا میں پاکستان کا سر فخر سے بلند ہوا ہے۔

عبدالرؤف خان نے مزید کہا کہ یہ معرکہ اس حقیقت کا اعادہ ہے کہ قومی یکجہتی ہی کامیابی کی ضامن ہے۔ انہوں نے بالخصوص کھلاڑیوں سے اپیل کی کہ وہ نظم و ضبط، ٹیم ورک اور قومی جذبے کو فروغ دیں، کیونکہ یہی اصول ہر میدان میں کامیابی کی بنیاد ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بحیثیت قوم ہمیں انہی اقدار کو اپنانا ہوگا تاکہ پاکستان مزید ترقی کرے اور عالمی سطح پر اپنا مقام مضبوط بنائے۔