اسلام آباد، 07 مئی (اے پی پی ):او آئی سی-کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر ایم اقبال چوہدری نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں سائنس، تحقیق اور ٹیکنالوجی ہی حقیقی طاقت ہیں، جبکہ قومی سلامتی اور معاشی ترقی کا دارومدار بھی جدید علمی و سائنسی صلاحیتوں پر ہے۔
یومِ معرکۂ حق کے موقع پر اپنے خصوصی بیان میں انہوں نے پاکستان کی مسلح افواج، عوام اور قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم نے اتحاد، عزم اور حکمتِ عملی کے ذریعے ایک بڑے چیلنج کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا اور دنیا کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان ایک باوقار اور خوددار ریاست ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور قومی قیادت نے دشمن کی جارحیت کا بھرپور اور مؤثر جواب دیتے ہوئے جدید ٹیکنالوجی، سائنسی مہارت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کیا، جو پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔
ڈاکٹر اقبال چوہدری نے کہا کہ اس موقع سے قوم کو یہ سبق ملتا ہے کہ تعلیم، تحقیق اور اختراع ہی ترقی و استحکام کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سائنسی تعلیم، تحقیق اور ٹیکنالوجی کے شعبوں کو اپنی اولین ترجیح بنائیں تاکہ پاکستان کو مضبوط، خود کفیل اور ترقی یافتہ ملک بنایا جا سکے۔
انہوں نے قوم پر زور دیا کہ وہ علم، تحقیق اور ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے بڑھنے کا عہد کرے اور ہر قومی موقع پر اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی رہے۔











