پاکستان78 برس گزرنے کے باوجود آج بھی آزادی اور وقار کی علامت ہے، پاکستان کا ہر بچہ آزادی سے سر اٹھا کر رہے گا، ڈاکٹر مصدق ملک

8

اسلام آباد،07مئی  (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہاہے کہ 78 برس گزرنے کے باوجود پاکستان آج بھی آزادی اور وقار کی علامت ہے، پاکستان کا ہر بچہ آزادی سے سر اٹھا کر رہے گا، قومی یکجہتی ہی ہمارا اصل جواب اور ہماری طاقت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں معرکہ حق کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئےکیا۔ وفاقی وزیر نے  کہا کہ اس آزادی کی قیمت معرکہ حق ہے جس میں 11 فوجی جوانوں اور 40 شہریوں نے وطن پر قربانی دی۔ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ پہلگام واقعہ بھارت کے بہانے اور ہتھکنڈوں کا حصہ تھا جبکہ پاکستان نے معاملے کے حل کے لیے مذاکرات اور غیرجانبدار تحقیقات کی پیشکش کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے موقف اختیار کیا کہ ثبوت کسی غیرجانبدار ثالث یا مشترکہ دوست کو دے دیئے جائیں، مگر بھارت نے ثبوت دینے کے بجائے جنگ کا راستہ اختیار کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ 60 سال تک ہر جنگ کے باوجود قائم رہا، لیکن بھارت نے پانی روکنے کی دھمکی دے کر ہماری تہذیب پر حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دریائے سندھ صرف ایک دریا نہیں بلکہ ہماری پوری تہذیب ہے اور پاکستان کی 25 فیصد معیشت دریائے سندھ سے وابستہ ہے۔ ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ اگر سندھ طاس معاہدہ معطل ہو سکتا ہے تو دنیا میں کوئی معاہدہ محفوظ نہیں رہے گا اور یہ دنیا کے تمام زیریں دریائی ممالک کے لیے خطرناک پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کا جواب جنگ، میزائل یا ڈرون نہیں بلکہ قومی اتحاد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان مشکل گھڑیوں میں نہ کوئی پنجابی تھا، نہ سندھی، نہ پٹھان اور نہ بلوچی، سب صرف پاکستانی تھے۔