ایبٹ آباد، 10مئی (اے پی پی): ایبٹ آباد میں معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر مسلم لیگ ن کی ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر شائستہ جدون کی قیادت میں ’’معرکۂ حق‘‘ کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر ایک بڑی اور پُرجوش ریلی نکالی گئی، جس میں خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کرکے پاک فوج سے والہانہ محبت اور مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
ریلی لیڈی گارڈن سے شروع ہوئی اور مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی جلال بابا آڈیٹوریم پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ شرکاء ہاتھوں میں قومی پرچم اور پاک افواج کے حق میں پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جبکہ “پاک فوج زندہ باد” اور “پاکستان پائندہ باد” کے فلک شگاف نعروں سے فضا گونجتی رہی۔
ریلی کے دوران مقررین نے معرکۂ حق میں افواجِ پاکستان کی قربانیوں، بہادری اور پیشہ ورانہ خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہے۔
اس موقع پر خواتین شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک کی سلامتی، استحکام اور دفاع کیلئے پوری قوم متحد ہے اور ہر مشکل وقت میں اپنی افواج کا ساتھ دیتی رہے گی۔ مقررین نے کہا کہ وطن عزیز کی حفاظت اور ترقی کیلئے قومی اتحاد ناگزیر ہے اور قوم اپنی مسلح افواج کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔











