اسلام آباد، 12 مئی (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین کی زیر صدارت آم کی برآمدات کے فروغ کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ خلیجی خطے میں جاری صورتحال کے باعث آم کی برآمدی تجارت کو چیلنجز کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آم کی برآمدات میں لاگت کم کرنے کے لیے ٹرانسپورٹ سبسڈی فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
رانا تنویر حسین نے کہا کہ آم کی برآمدات کو عالمی منڈیوں میں وسعت دینے کے لیے حکومتی حکمت عملی کے تحت برآمدکنندگان کو ویلیو ایڈیشن اور پراسیسنگ بڑھا کر زیادہ منافع بخش برآمدات پر توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آم کی برآمدات کو بہتر بنانے کے لیے برانڈنگ اور جدید پیکجنگ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کولڈ چین انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور پاکستان کے آم کو عالمی معیار کے مطابق بنا کر نئی منڈیوں تک رسائی دی جائے گی۔
انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت برآمدکنندگان کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔











