وفاقی وزیر سید مصطفیٰ کمال سے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم کی ملاقات، ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای اور ایرانی شہداء کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار

3

اسلام آباد، 12 مئی (اے پی پی): وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال سے پاکستان میں ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی۔ ترجمان وزارت صحت کے مطابق ملاقات میں صحت کے شعبے سمیت دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے پاکستان اور ایران کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو سراہا۔ وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای، دیگر شہداء اور معصوم بچوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی عوام اس مشکل وقت میں ایرانی عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔

ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے حالیہ تنازع کے دوران پاکستان کی حمایت کو سراہتے ہوئے ایران اور امریکہ کے درمیان ثالثی کی کوششوں میں پاکستان کے مثبت کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے مشکل حالات میں پاکستان کی جانب سے اظہارِ یکجہتی اور تعاون پر شکریہ بھی ادا کیا۔

وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ فارماسیوٹیکل، ویکسین سازی اور دیگر طبی شعبوں میں ترقی کی وسیع گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے مقامی سطح پر ویکسین کی تیاری میں پاکستان کی نمایاں پیش رفت سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ دونوں ممالک صحت کے شعبے میں قریبی اشتراک کے ذریعے ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہوں گے۔

ایرانی سفیر نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ صحت عامہ کے شعبے میں اشتراک کار کو وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ ملاقات میں صحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے دونوں ممالک کی جانب سے اعلیٰ سطحی کمیٹیاں تشکیل دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈریپ، چیف ایگزیکٹو آفیسر قومی ادارہ صحت اور جوائنٹ سیکرٹری ایڈمن پر مشتمل نمائندہ کمیٹی کو نوٹیفائی کیا جا رہا ہے جبکہ ایران بھی اپنی نمائندہ کمیٹی نامزد کرے گا جو مشترکہ منصوبوں اور دوطرفہ تعاون کے مواقع کا تعین کرے گی۔