چین، 24 مئی (اے پی پی):چین میں معاونِ خصوصی وزیرِ اعظم برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کی موجودگی میں سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) اور علی بابا گروپ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔مفاہمتی یادداشت کا مقصد ڈیجیٹل تجارت کو فروغ دینا اور پاکستان کے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو عالمی منڈیوں تک رسائی فراہم کرنا ہے۔
اس موقع پر ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق حکومت ایس ایم ای سیکٹر کی ڈیجیٹل تبدیلی کے لیے جامع اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کاروباروں کو ای کامرس پلیٹ فارمز کے ذریعے بین الاقوامی منڈیوں سے جوڑنا حکومت کی اہم ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ علی بابا گروپ کے ساتھ اشتراک سے نوجوانوں، کاروباری افراد اور اسٹارٹ اپس کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے، جبکہ پاکستان میں برآمدات اور ڈیجیٹل تجارت کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔
ہارون اختر خان نے زور دیا کہ ایس ایم ای سیکٹر قومی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور حکومت کاروبار دوست پالیسیوں کے ذریعے سرمایہ کاری، برآمدات اور صنعتی ترقی کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔
انہوں نے سمیڈا اور علی بابا گروپ کی شراکت داری کو پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کو مضبوط بنانے اور بین الاقوامی کاروباری روابط کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔ دستخطی تقریب میں سیکریٹری صنعت و پیداوار سیف انجم اور ایڈیشنل سیکریٹری صنعت و پیداوار بھی موجود تھے۔











