عیدالاضحیٰ: اسلام آباد میں صفائی و مویشی منڈیوں کے انتظامات مکمل، ڈی سی کی اسسٹنٹ کمشنرز کو فیلڈ میں رہنے کی ہدایت

9

 اسلام آباد ،26مئی  ( اے پی پی ):عید الاضحی کی تیاریوں کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ  کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کی عید الاضحی کے حوالے سے مکمل  تیاری کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر عرفان نواز میمن کی زیر صدارت تیاریوں کے حوالے سے اہم ترین جائزہ اجلاس میں تمام اسسٹنٹ کمشنرز کی جانب سے اپنے زونز کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کی جانب سے مجموعی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں مویشی منڈیوں کے حوالے سے بھی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ عید ایام کے حوالےسے صفائی آپریشن کی مکمل حکمت عملی طے کر لی گئی۔ آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے حوالے سے تمام ایریاز میں گھڑوں کی کھدائی مکمل کر لی گئی۔ بریفنگ  میں کہا گیا کہ آلائشوں کو اٹھانے کے لیے بیگز کی تقسیم کا عمل آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے جبکہ یو سی سٹاف اور ہاؤسنگ سوسائٹیز کے ساتھ بھی صفائی مہم کے حوالے سے کوآرڈینیشن مکمل کر لی گئی ہے۔

بریفنگ  میں بتایا گیا کہ اجتماعی قربانیوں کے حوالے سے پوائنٹس پر خصوصی صفائی ٹیم تعینات کی جائے گی۔

اسسٹنٹ کمشنرز کی جانب سے مویشی منڈیوں کے یومیہ دوروں کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی ۔

منڈیوں کے علاوہ مقامات پر جانوروں کی فروخت پر سخت کاروائیاں بھی جاری ہیں۔ ڈی سی اسلام آباد نے  بریفنگ میں ہدایات جاری کی کہ  عید ایام کے دوران تمام اسسٹنٹ کمشنرز اپنے ایریاز میں موجود رہیں گے اورعید کے تینوں دن صفائی آپریشن کی خصوصی نگرانی یقینی بنائی جائے۔