میدان عرفات: یومِ عرفہ آج عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے، لاکھوں عازمین میدانِ عرفات میں موجود

6

میدان عرفات، 26 مئی (اے پی پی):  حج کا رکنِ اعظم یومِ عرفہ آج ادا کیا جا رہا ہے، جہاں دنیا بھر سے آئے لاکھوں عازمین میدانِ عرفات میں موجود ہیں۔

پاکستانی عازمینِ حج کے اولین قافلے گزشتہ شب نمازِ عشاء کے بعد عرفات روانہ ہوئے، جبکہ دیگر قافلے ساری رات ناظمین کی رہنمائی میں میدانِ عرفات پہنچتے رہے۔ نمازِ ظہر سے قبل تمام عازمین حج میدان عرفات میں پہنچ جائیں گے۔

امسال امیرِ حج مسجدِ نبویؐ کے امام الشیخ علی الحذیفی مقرر کیے گئے ہیں۔ عازمینِ حج خطبۂ حج کے بعد اپنے خیموں میں ہی ظہر و عصر کی نمازیں ادا کریں گے اور غروبِ آفتاب تک وقوفِ عرفات کے دوران دعاؤں اور مناجات میں مصروف رہیں گے۔

وقوفِ عرفات کے بعد حجاج کرام مزدلفہ کی جانب روانہ ہوں گے۔ یومِ عرفہ کے موقع پر پاکستان اور امتِ مسلمہ کے امن، سلامتی اور مغفرت کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔