ژوب، 27 مئی (اے پی پی): فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر بلوچستان کے ضلع ژوب کا دورہ کیا اور مغربی سرحدوں پر تعینات اگلے مورچوں کے جوانوں کے ساتھ عید منائی۔
دورے کا آغاز نمازِ عید کی ادائیگی سے ہوا جس میں پاکستان کے پائیدار امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں جبکہ مادرِ وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کے لیے بھی دعا کی گئی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے افسران اور جوانوں کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے ان کی غیر معمولی جرات، غیر متزلزل عزم، عملی تیاری اور غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خلاف مسلسل ہمت و جرأت کو سراہا۔ انہوں نے دہشت گردی اور دشمن عناصر کے خطرات کے خلاف قوم کے تحفظ کے لیے جوانوں کی بے مثال قربانیوں اور جرات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے حالیہ دنوں کوئٹہ میں بھارتی سرپرستی میں قائم فتنہ الہندوستان اور اس کے سہولت کاروں کی جانب سے کیے گئے بزدلانہ دہشت گرد حملے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایسے غیر انسانی اور سفاکانہ اقدامات پاکستان کی مسلح افواج اور قوم کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ افواجِ پاکستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور بلوچستان کے عوام کے قریبی تعاون سے دہشت گردی کے تمام سہولت کاروں، معاونین اور عناصر کے خلاف پوری قوت سے کارروائیاں جاری رکھیں گی۔
ژوب پہنچنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کمانڈر کوئٹہ کور نے کیا۔ فیلڈ مارشل نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی اور مادرِ وطن کے دفاع میں جامِ شہادت نوش کرنے والے بہادر سپوتوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔











