منیٰ، 28 مئی (اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ عبدالعزیز بن سعود سے ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات، داخلی سکیورٹی تعاون اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں وزرائے داخلہ نے ایک دوسرے کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا جبکہ سعودی وزیر داخلہ نے محسن نقوی کو حج کی مبارکباد بھی دی۔ملاقات کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ فیڈرل کانسٹیبلری کے اسپیشل ڈپلومیٹک پروٹیکشن یونٹ کے 200 اہلکاروں کو سعودی عرب میں تربیت دی جائے گی۔
اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے سعودی وزارت داخلہ کا ایک اعلیٰ سطح کا وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے حج کے دوران سعودی حکومت کی جانب سے کیے گئے بہترین انتظامات کو سراہا۔
ملاقات میں خطے کی تازہ ترین صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ سعودی وزیر داخلہ نے کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔











