لبنانی مسلح افواج کے کمانڈر انچیف جنرل روڈولف ہائیکل کی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات

4

راولپنڈی،9جون(اے پی پی): لبنانی مسلح افواج کے کمانڈر انچیف جنرل روڈولف ہائیکل نے آج جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز سے ملاقات کی۔

جی ایچ کیو آمد پر معزز مہمان کو تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور، بدلتے ہوئے علاقائی سلامتی کے ماحول، دفاعی تعاون اور دو طرفہ عسکری تعلقات کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ گفتگو میں دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان پیشہ ورانہ روابط، تربیتی تعاون اور ادارہ جاتی روابط کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز رہی۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لبنان کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ اور خوشگوار تعلقات کی اہمیت کا اعادہ کیا اور لبنانی مسلح افواج کے ساتھ دفاعی اشتراک کو وسعت دینے کے پاک فوج کے عزم کو اجاگر کیا۔

جنرل روڈولف ہائیکل نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل صلاحیتوں کو سراہا اور علاقائی امن و استحکام اور بین الاقوامی امن مشنز میں ان کے کردار کا اعتراف کیا۔

یہ دورہ دونوں مسلح افواج کے عسکری تعاون کو مزید قریبی بنانے کے مشترکہ عزم کا عکاس ہے۔