سیکیورٹی فورسز کی انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی جاری،27 دہشت گرد ہلاک

3

راولپنڈی،7 جون ( اے پی پی): سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں کے تسلسل میں شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں خوارج کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ شدید جھڑپوں اور فائرنگ کے تبادلے کے دوران گزشتہ 72 گھنٹوں میں بھارت کی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 27 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔

سیکیورٹی زرائع کے مطابق کارروائی کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔  مارے گئے خوارج متعدد دہشت گرد کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔

‎سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ اس گروہ کے خاتمے کے ساتھ میران شاہ میں ممتاز شخصیت شہید ملک سیف اللہ داوڑ کے قتل کا بدلہ لے لیا گیا ہے اور اس جرم میں ملوث عناصر کو انجام تک پہنچا دیا گیا ہے۔

‎علاقے میں چھپے باقی دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت “عزمِ استحکام” مہم کے تحت ملک سے بیرونی سرپرستی یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھیں گے۔