وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب  کا باضابطہ طور پر پاکستان اکنامک سروے 2025-26 کا اجراء

3

اسلام آباد، 11جون(اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے پیر کے روز باضابطہ طور پر پاکستان اکنامک سروے 2025-26 کا اجراء کیا۔

یہ سروے بجٹ سے قبل جاری کی جانے والی ایک اہم دستاویز ہے جو گزرنے والے مالی سال کے دوران ملکی معیشت کی کارکردگی کا جامع جائزہ پیش کرتی ہے۔

رپورٹ میں اہم معاشی اشاریوں اور مختلف شعبوں کی کارکردگی کا تفصیلی تجزیہ شامل ہے، جن میں اقتصادی نمو کے رجحانات، سرمایہ کاری، زراعت، صنعت، کان کنی، مالیاتی نظم و نسق، مانیٹری اور قرضہ جاتی حالات، سرمایہ مارکیٹ، مہنگائی، سرکاری قرضے اور واجبات شامل ہیں۔

سروے میں اقتصادی اعداد و شمار کے علاوہ تعلیم، صحت اور غذائیت جیسے اہم سماجی شعبوں کی کارکردگی کا بھی جائزہ پیش کیا گیا ہے۔

مزید برآں، اس میں آبادی سے متعلق رجحانات، افرادی قوت میں شمولیت، روزگار کی صورتحال، غربت کے اعداد و شمار، ٹرانسپورٹ و مواصلاتی ڈھانچے اور فی کس آمدنی سے متعلق معلومات بھی شامل ہیں۔

دستاویز میں حکومت کی جانب سے معاشی استحکام کے حصول اور معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے اختیار کیے گئے اہم پالیسی اقدامات اور اصلاحات کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔