وزیراعظم نے ریلویز اصلاحات کے اسٹرٹیجک روڈ میپ کی منظوری دے دی

3

اسلام آباد ، 11 جون  ( اے پی پی ): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان ریلویز میں اصلاحات کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔

وزیراعظم نے پاکستان ریلویز میں جامع اصلاحات کے لیے اسٹرٹیجک روڈ میپ کی منظوری دے دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلویز میں عوام کے لیے سفر اور مال برداری کے لیے نقل و حمل کا محفوظ اور سستا ذریعہ بننے کی بھرپور استعداد موجود ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ فریٹ سروس ریلوے نظام کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، مال برداری کے شعبے کو ترجیحی بنیادوں پر فروغ دیا جائے۔ ریلوے اصلاحات کے روڈ میپ پر عملدرآمد کے لیے عالمی شہرت یافتہ ماہرین اور کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کی جائیں۔ پاکستان ریلویز میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ PPP کے ذریعے فروغ دیا جائے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ریلوے نظام کی بہتری سے سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا۔ جدید اور مؤثر ریلوے نظام کاربن اخراج میں کمی اور ماحول دوست نقل و حمل کے فروغ میں مددگار ہوگا۔ پاکستان ریلویز کی ترقی علاقائی روابط کے فروغ اور معاشی سرگرمیوں میں اضافے کا باعث بنے گی۔ ریلویز کی زمینوں پر نجی شعبے کی سرمایہ کاری سے حاصل شدہ آمدنی کو ریلوے نظام کی بہتری کے لیے استعمال میں لایا جائے۔

اجلاس کو پاکستان ریلویز میں جامع اصلاحات کے اسٹریٹجک روڈ میپ اور اہداف پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ روڈ میپ میں مسافروں اور مال برداری دونوں شعبوں میں مارکیٹ شیئر بڑھانے کے اہداف شامل ہیں۔ ریلوے خدمات کے معیار میں بہتری، نیٹ ورک کی استعداد میں اضافہ اور مالی استحکام روڈ میپ کے اہم ستون ہوں گے۔

اس روڈ میپ میں ریلویز کے گورننس نظام میں بہتری، ڈیجیٹائزیشن، ریلوے لائنز کی توسیع، علاقائی روابط، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے نجی شعبے کی شمولیت اور مالی استحکام قائم کرنے کے اہداف شامل ہیں۔ جدید کوچز کا استعمال، ٹرینوں اور سٹیشنز پر مسافروں کے لیے سہولیات کی فراہمی، ML-1, ML-2، ML-3 اور دیگر ٹریکس کی اپ گریڈیشن، رائٹ سائزنگ بھی اصلاحات کا حصہ ہیں۔

اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، احد خان چیمہ، محمد حنیف عباسی، مشیر برائے نجکاری محمد علی، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔۔