فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ترک لینڈ فورسز کے کمانڈر جنرل متین توکل کی ملاقات، دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

4

راولپنڈی، 11 جون(اے پی پی): چیف آف آرمی اسٹاف و چیف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات سے ترک لینڈ فورسز کے کمانڈر جنرل متین توکل نےجمعرات کے روز  جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو آمد پر معزز مہمان کو پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

ملاقات کے دوران باہمی پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون بڑھانے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دونوں ممالک کے درمیان گہرے تاریخی، ثقافتی اور تزویراتی تعلقات کو اجاگر کیا اور پاکستان اور ترکیہ کی مسلح افواج کے درمیان مضبوط دفاعی شراکت داری کو سراہا۔

ترک لینڈ فورسز کے کمانڈر نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ بھی کیا اور چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف ، نشانِ امتیاز (ملٹری)، تمغہِ بسالت سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پیشہ ورانہ امور اور علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی کے ماحول پر بات چیت ہوئی۔

جنرل متین توکل نے ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ عسکری تعاون اور پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پر توجہ مرکوز رہی۔

معزز مہمان نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے اس کے کردار کا اعتراف کیا۔ انہوں نے دونوں برادر ممالک کی مسلح افواج کے درمیان دفاعی تعاون اور ادارہ جاتی روابط کو مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔