اسلام آباد، 12 جون ( اے پی پی):فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری
(FPCCI) کے نائب صدرطارق خان جدون نے وفاقی بجٹ کو خوش آئند اور معاشی پہیہ چلانے کے لیے ایک متوازن کوشش قرار دیتے ہوئے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں، پینشن میں اضافے اور کینسر کی ادویات پر کسٹم ڈیوٹی کے خاتمے کا خیرمقدم کیا ہے۔ اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چھوٹے تاجروں کے لیے مشاورت سے سنگل پیج ریٹرن پالیسی لانا اور رئیل اسٹیٹ سیکٹر کے لیے ریلیف پیکج کی فراہمی بہترین اقدامات ہیں، جس سے رئیل اسٹیٹ سے وابستہ 70 سے 80 الائیڈ انڈسٹریز دوبارہ فعال ہوں گی اور مارکیٹ میں سرمایہ گردش کرے گا۔ طارق خان جدون نے سپر ٹیکس میں چھوٹ اور ایکسپورٹ فیسیلیٹیشن اسکیم کو برآمدات کے فروغ کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی 60 سے 65 فیصد نوجوان آبادی کو ہنر مند بنا کر آئی ٹی اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) سیکٹر کے ذریعے ملکی زرِ مبادلہ اور ریمیٹنسز میں نمایاں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف سے اپیل کی کہ ملکی معیشت کی پائیدار ترقی کے لیے صنعتوں اور برآمدات سے متعلق شعبوں کو مزید سہولیات فراہم کی جائیں۔











