مالی سال 27-2026: وزارتِ مواصلات اور این ایچ اے کے لیے 148 ارب 20 کروڑ روپے سے زائد کا بجٹ تجویز

6

اسلام آباد، 12جون(اے پی پی):وفاقی حکومت نے مالی سال 27-2026  کے سالانہ بجٹ میں ملک بھر میں مواصلاتی نیٹ ورک کی توسیع اور شاہراہوں کی تعمیر و مرمت کے لئے وزارتِ مواصلات اور اس کے ماتحت اداروں کے لئے مجموعی طور پر 148 ارب 20 کروڑ 60 لاکھ روپے کی خطیر بجٹ مختص کرنے کی تجاویز پیش کر دی ہیں۔ ان فنڈز میں غیر ترقیاتی جاری اخراجات اور وفاقی ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی ) کے تحت رکھے گئے ترقیاتی فنڈز شامل ہیں۔

بجٹ دستاویز کے مطابق وزارتِ مواصلات کے روزمرہ کے امور، ملازمین کی تنخواہوں، پنشن اور دفتری نظام کو چلانے کے لئے جاری (غیر ترقیاتی) اخراجات کی مد میں 43 ارب 20 کروڑ 60 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ دوسری جانب، ملک گیر شاہراہوں، موٹرویز اور سی پیک کے مغربی روٹ کی تعمیر و توسیع کے لئے غیر ملکی امداد سمیت وفاقی ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی )کے تحت ترقیاتی منصوبوں کے لئے مجموعی طور پر 105 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔

دستاویز کے مطابق ان ترقیاتی فنڈز کا بڑا حصہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے تحت جاری اور نئے مواصلاتی منصوبوں پر خرچ کیا جائے گا تاکہ صنعتی اور پسماندہ علاقوں کو موٹرویز اور ہائی ویز کے ذریعے بڑی مارکیٹوں سے جوڑا جا سکے۔ اس کے علاوہ وزارت کے ماتحت دیگر ذیلی اداروں کی ڈیجیٹلائزیشن اور آپریشنل صلاحیت کو بڑھانے کے لئے بھی فنڈز فراہم کئے گئے ہیں۔