اسلام آباد، 12 جون (اے پی پی): ممبر قومی اسمبلی شمائلہ رانا نے وفاقی بجٹ کو عوام دوست اور جامع قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے مشکل معاشی حالات کے باوجود ایک بہترین بجٹ پیش کیا ہے جس سے مختلف طبقات کو ریلیف ملے گا۔
اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ قوم کو اس بجٹ پر مبارک باد پیش کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات اور چیلنجز کے باوجود حکومت نے عوامی توقعات کے مطابق بجٹ پیش کیا ہے جس سے حکومت پر تنقید کرنے والوں کو بھی جواب مل گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجٹ میں مختلف ٹیکسوں میں کمی کی گئی ہے جبکہ تنخواہ دار طبقے، کاروباری برادری اور جائیداد کے شعبے سے وابستہ افراد کے لیے بھی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے بھی بجٹ میں خصوصی اقدامات شامل کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بجٹ میں ہر مکتبہ فکر اور ہر طبقے کا خیال رکھا گیا ہے۔ ان کے مطابق یہ ایک جامع اور عوام دوست بجٹ ہے جو عوامی فلاح و بہبود کے حکومتی وژن کی بہترین مثال ہے۔











